ممبئی، 11دسمبر(آئی این ایس انڈیا) ممبئی کے گورے گاؤں مضافاتی علاقے کے آریہ کالونی میں آج ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے بعد اس میں آگ لگ گئی جس میں ایک شخص کی موت ہو گئی اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک افسر نے کہا کہ ہیلی کاپٹر آریہ کالونی میں ایک کھلے میدان میں گر کر تباہ ہوا جو کہ گورے گاؤں مضافاتی علاقہ ایک سبز پٹی ہے۔ڈپٹی کمشنر(زون 12)کرن کمار چوہان نے کہا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار 4 افراد جھلس گئے اور انہیں ایک ہسپتال لے جایا گیا۔ہسپتال میں ان میں سے ایک شخص نے دم توڑ دیا۔فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار نے کہا کہ موقع پر فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں بھیجی گئیں اور آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔مقامی باشندوں نے حادثے سے دھواں نکلتے دیکھ کر پولیس اور فائر بریگیڈ محکمہ کو اطلاع دی۔ایک عینی شاہد نے کہا کہ ہم نے اپنے علاقے میں صبح 11بج کر 45منٹ پر دھواں دیکھا اور ہمیں یہ احساس ہوا کہ کچھ ناخوشگوار ہوا ہے۔اس بارے میں تفصیلی معلومات کا انتظار ہے۔